نئی دہلی، 5؍اگست (ایس ونیوز/آئی این ایس انڈیا )حکومت نے جمعرات کو بتایا کہ پنشن جاری رکھنے کے لیے اب پنشن یافتگان کو زندہ ہونے کا ثبوت دینے کے لیے بینک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔پرسنل ، عوامی شکایت اور پنشن محکمہ کے وزیرمملکت جتندر سنگھ نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ مرکزی حکومت کی پنشن لینے والوں اور خاندانی پنشن لینے والوں کو اپنی پنشن جاری رکھنے میں کاروائی سے متعلق اب کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔اب ان کی پنشن باقاعدگی سے بینک میں جائے گی اور پنشن یافتگان کو زندہ ہونے کاثبوت دینے کے لیے بینک جانے کی ضرورت نہیں ہے۔جتندر سنگھ نے ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایاکہ پنشن یافتگان کو اب بینک جاکر زندہ ہونے سے متعلق سرٹیفکیٹ نہیں دینا ہو گا بلکہ وہ آدھار کارڈپر مبنی بایومیٹرک سرٹیفکیٹ کے ذریعے یا پھر اس مقصد کے لیے حکومت کی طرف سے مقرر افسر کے دستخط کے ساتھ اسے آن لائن پیش کر سکتے ہیں ۔جتندر سنگھ نے کہا کہ اگر پنشن یافتہ فرد اپنی سنگین بیماری یا معذوری کے بارے میں میڈیکل سرٹیفکیٹ سمیت دیگر معلومات دیتا ہے تو بینک کی ادائیگی شاخ کا اہلکار خود ہی گھر یا اسپتا ل جاکر پنشن یافتہ شخص کا زندگی سے متعلق سرٹیفکیٹ درج کرے گا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے نومبر 2014میں پنشن یافتہ افراد کے لیے آدھار پر مبنی ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ ’جیون پرمان ‘کی شروعات کی تھی۔ملک میں تقریبا 58لاکھ لوگ مرکزی حکومت کی طرف جاری پنشن سے مستفید ہو رہے ہیں۔